وزیر داخلہ پنجاب کی شہباز گل پر تشدد سے متعلق عمران خان کے بیان کی تردید

نمائندہ ایکسپریس  منگل 16 اگست 2022
شہباز گل کو جیل میں برہنہ کرکے تشدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر

شہباز گل کو جیل میں برہنہ کرکے تشدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر

 راولپنڈی: صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگرکا کہناہے کہ شہباز گل اڈیالہ جیل میں خیریت سے ہیں، کسی کی مجال نہیں کہ شہباز گل کو انگلی بھی لگائے، وہ وفاق کے قیدی ہیں پنجاب حکومت ان کی سزا میں کمی نہیں کرسکتی۔

راولپنڈی سنٹرل جیل اڈیالہ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ پنجاب میں 40 سے زائد جیل موجود ہیں، سابق وزیر اعلیٰ نے جیل میں بہت سا کام کیا ہے، جیل میں سیکیورٹی اور کھانے کا اچھا انتظام ہے، قیدیوں کی ایک ماہ سزا معافی کا اعلان کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے بات کر کے، خواتین قیدیوں کے لیے فیملی رومز تعمیر ہونگے، جو قیدی کام کریں گے اس کی اجرت دی جائے گی، پورے پنجاب میں 50 ہزار سے زائد قیدی ہیں،وہ ہمارے مہمان ہیں، قیدیوں کو اپنے اہل خانہ کی طرح درست کریں گے، جیل خانہ جات فورس کو ایگزیکٹو الاؤنس دونگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو جیل میں برہنہ کرکے تشدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان سے ملاقات کر کے بتاؤں گا کہ اصل حالات کیا ہیں، شہباز گل جب رہا ہونگے تو ان سے پوچھ لیجئے گا کہ کیا میں نے غلط بیانی نہیں کی، کل بھی شہباز گل سے جیل میں کافی ملاقاتیں ہوئی ہیں، ہمیں دیکھنا ہے کہ ٹائمنگ کیا ہے، میں ایک ذمہ دار بندہ ہوں،عمران خان کو تسلی دلانا میرا کام ہے، سب حالات پر عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کرونگا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے شہباز گل کے متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا

انہوں نے مزید کہا کہ 25 مئی کومیرے گھر کے دروازے توڑے گئے، فیصل آباد میں ایک نہتی خاتون کو اسلحہ دکھانے والے پولیس افسر کو نوکری سے نکالا جائے گا۔۔

واضح رہے کہ کل عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جیل میں شہباز گل کے ساتھ کیے گئے سلوک سے ’بہت پریشان‘ ہیں، ’یہ انتہائی تکلیف دہ ہے، ہمارے وکلا نے ہمیں بتایا کہ اس کے کپڑے اتار دیے گئے اور انہیں مارا پیٹا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔