جلو میں نایاب نسل کے اینٹی لوپ جانور کودو کے یہاں نئے مہمان کی آمد

آصف محمود  منگل 16 اگست 2022
فوٹو:ایکسپریس

فوٹو:ایکسپریس

لاہور: وائلڈلائف بریڈنگ سنٹرجلو میں نایاب نسل کے اینٹی لوپ جانور کودو کے یہاں نئے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  اپنے بڑے قد اورلمبے سینگوں کی وجہ سے ایک منفردپہچان رکھنے والے کودونیل گائے اورسانبھڑہرن سے مشابہت رکھتا ہے۔

یہ جانور اپنے بڑے سائزاورمضبوط لمبے سینگوں کی وجہ سے خاص پہچان رکھتا ہے۔ انہیں عام طور پر کودو کہاجاتا ہے، مخصوص قسم کے ہرنوں کی یہ نسل افریقہ میں پائی جاتی ہے۔ پنجاب میں صرف جلوپارک میں ہی ہرنوں کا یہ جوڑا موجود ہے۔

وائلڈلائف پارک جلو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عادل ندیم کے مطابق جلوسفاری پارک کے ڈویلپمنٹ منصوبے کے تحت سن دوہزار اٹھارہ میں اینٹی لوپ کودو کایہ جوڑا یہاں لایا گیا تھا۔

Kodao-1
منتظمین کے مطابق کودوکے جوڑے نے ایک بچے کو جنم دیا ہے جو کافی صحت مند ہے اوراسے دیکھنے کے لئے شہری جلوپارک کا رخ کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سن دوہزار اٹھارہ میں یہاں چھ اینٹی لوپ کودولائے گئے تھے جن میں دونراورچارمادہ تھیں۔ ان میں سے ایک کودو ٹرانسپوٹیشن کے دوران ہی مرگیا جبکہ دوسرا یہاں لائے جانے کے چندروزبعد دم توڑگیاتھا۔ ا سکے بعد مزید دو کودو آپس میں جھگڑنے کے باعث شدیدزخمی ہوئے اوربعدازاں دم توڑ گئے تھے۔

جلو پارک اب صرف ایک نراورمادہ کاجوڑاموجود ہے اوراب ننھے مہمان کی آمد سے ان کی تعداد تین ہوگئی ہے، اس جوڑے نے گزشتہ تین برسوں میں دو بچوں کوجنم دیا تھا لیکن منہ کھرکی بیماری کے باعث دیگرہرنوں کے ساتھ ان کی بھی موت ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔