آئی فون صارفین کو سماعت کی حفاظت کے لیے اہم سیٹنگ چیک کرنے کا مشورہ

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اگست 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

کیلیفورنیا: آئی فون صارفین کو اپنی سماعت اور صحت کی حفاظت کے لیے ایک اہم سیٹنگ کو چیک کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔

ایپل ڈیوائس میں ایسے حفاظتی فیچر موجود ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ لوگ تیز آواز میں سن کر اپنی قوت سماعت کو نقصان تو نہیں پہنچا رہے۔لیکن یہ فیچر ممکنہ طور پر آف ہوسکتے ہیں اورعموماً بہت سےصارف ان کے بند ہونے کو نظر انداز کر جاتے ہیں۔

آئی فون میں ایسے متعدد فیچر ہیں جو زیادہ آواز کو کم کر دیتے ہیں اور کمپنی لوگوں کو اپنی صحت کے حوالے سے  یہ حفاظتی اقدامات لینے کامشورہ دیتی ہے۔

سب سے واضح فیچر’ہیڈفون نوٹی فیکیشنز‘ ٹول ہے جو پہلے سے ہی آن ہوا ہوتا ہے اور کچھ جگہوں پر بند نہیں ہو سکتا ہے۔یہ فیچر سات دنوں پر محیط دورانیے میں ہیڈفون میں آواز کی سطح کی پیمائش کرتا ہے اور اگر صارف تیز آواز سے کچھ سن رہا ہوتو اس کو آواز کم کرنے کا کہتا ہے۔

پہلے یہ صارف کو متنبہ کرتا ہے اور پھر آواز کم کردیتا ہے لیکن اگر صارف دوبارہ آواز بڑھانا چاہے تو بڑھا سکتا ہے۔

ایک اور فیچر جو ممکنہ طور پر آن نہیں ہوتا ہے وہ ’رِڈیوس لاؤڈ ساؤنڈ‘ سیٹنگ کافیچر ہے۔ جب یہ آن ہوتا ہے تو آئی فون ایئر فونز سے آنے والی بلند آوازوں کی نشان دہی کرتا ہے اور ان کی آواز کم کردیتا ہے۔

ان سیٹنگز کے متعلق ٹِک ٹاک کی ایک وائرل ویڈیو میں بتایا جا رہا ہے۔ یہ دونوں آپشنز سیٹنگ ایپ کے اندر موجود ہیں اور ’ہیڈ فون سیفٹی‘ لکھ کر باآسانی تلاش کیے جاسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔