پاک بھارت میچ کے ساتھ دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اگست 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) ٹکٹوں کی فروخت اماراتی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوئی

(فوٹو: ٹوئٹر) ٹکٹوں کی فروخت اماراتی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوئی

 دبئی: ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کے ٹکٹ کے ساتھ 2 دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد کردی گئی۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے ایشیاکپ کیلئے پاکستان اور بھارت ٹیمیں 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل میچ کے پہلے مرحلے کے ٹکٹس محض 3 گھنٹوں میں فروخت ہوچکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ: پاک بھارت میچ کے پہلے مرحلے کے تمام ٹکٹس فروخت

پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی فروخت میں مانگ اضافے کے پیش نظر ٹکٹنگ پلیٹ فارم نے پہلے آئیے، پہلے پائیے کی خریداری کی پالیسی ترتیب دی ہے، منتظمین نے روایتی حریف کے میچ کے مہنگے ٹکٹس پلاٹینم کیٹیگری میں رکھے ہیں جبکہ روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے ساتھ کسی دوسرے 2 میچز کی بھی ٹکٹ خریدنا ہوں گی۔

ٹکٹس کے حصول کیلئے شائقین کرکٹ کو آن لائن قطار میں لگانا ہوگی، ایک شائق نے بتایا کہ میں نے ایک ہزار درہم ٹکٹوں کی خریداری پر خرچ کیے، اتنی رقم میں میرا آدھا گھر کا راشن آتا ہے، میں صرف پاک بھارت میچ دیکھوں گا، دیگر میچز کی ٹکٹ دوست یا فیملی ممبرز کو دے دوں گا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ اور نیدر لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان ہوگیا

قبل ازیں گزشتہ روز پہلے مرحلے کے ٹکٹس محض 3 گھنٹوں میں فروخت ہوگئے تھے جبکہ کچھ شائقینِ کرکٹ نے اپنے ٹکٹس کو اصل قیمت سے زائد پر فروخت کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔

جس پر ٹکٹنگ پلیٹ فارم نے فوری جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت سختی سے ممنوع ہے اور اگر کوئی دوسرا فرد یہ ٹکٹ خریدے گا تو وہ منسوخ کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔