حکومت کی آئی ایم ایف کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھانے کی یقین دہانی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 17 اگست 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف ) کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 50 روپے لیٹر تک بڑھانے کی یقین دہانی کروادی ہے جس کے تحت یکم ستمبر سے پیٹرول پر 10 روپے اور ڈیزل پر 5 روپے لیوی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ (اظہار آمادگی کے خط) پر اتفاق ہو گیا ہے اور پاکستان کی طرف سے دستخط شدہ آئی ایم ایف کو بجھودیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں: پاکستان نے قرض ادائیگی کے لئے آئی ایم ایف کو اظہار آمادگی کا خط بھیج دیا، وزیرخزانہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ایل او آئی میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 50 روپے لیٹر تک بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ یکم ستمبر سے پیٹرول پر 10 روپے اور ڈیزل پر 5 روپے لیوی بڑھائی جائے گی جبکہ ستمبر میں پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 30 اور ڈیزل پر 15 روپے ہو جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں لیوی میں مزید 5-5 روپے لیٹر اضافہ کیا جائے گا اور اس طرح جنوری 2023 تک لیوی بڑھ کر 50 روپے فی لیٹر تک ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت پیٹرول لیوی 20 روپے اور مٹی کے تیل پر 10 روپے ہے جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت نے رواں مالی سال پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔