شہباز گل کو وفاقی پولیس کے حوالے نہ کرنا توہین عدالت ہے، مریم اورنگزیب

 بدھ 17 اگست 2022
عمران خان آج کنٹینر پر کھڑے ہو کر اسلامی ٹچ دے کر جھوٹ بولتے ہیں،مریم اورنگزیب

عمران خان آج کنٹینر پر کھڑے ہو کر اسلامی ٹچ دے کر جھوٹ بولتے ہیں،مریم اورنگزیب

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے نہ کرنے کے اقدام کو توہین عدالت قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ نواز کی رہنما و وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگیز نے شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے نہ کرنے کے معاملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اقدام کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے واضح حکم کی عمران خان اور پنجاب حکومت نے توہین کی، وفاقی پولیس کے ملزم کو عمران خان کے حکم پر پنجاب حکومت اغوا کر رہی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز گل طبی طور پر بالکل صحیح ہے، عمران خان کا فسطائی دماغی رویہ کسی قانون، ادارے کو نہیں مانتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق عمران خان آٹھ سال تک فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن سے بھاگتا رہا ہے، اب عمران خان اور پی ٹی آئی نے عدالتوں میں اپنے خلاف تمام مقدمات میں خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نوٹس کے جواب میں ایف آئی اے کو ریکارڈ اور جواب دینے سے انکار کر دیا اور سیاسی مخالفین کو جعلی مقدمات میں جیلوں میں ڈالنے والے عمران خان اپنی باری آنے پر قانون کے باغی بن گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی ہے، شہباز گل کے کیس میں تحقیقات ہو رہی ہیں تو عمران خان نے پنجاب حکومت کے آئی جی کو استعمال کیا، یہ سلسلہ کل سے جاری ہے، یہ ہوتا ہے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کو نہ توہین عدالت کی پرواہ ہے اور نہ قواعد و ضوابط کی، عمران خان کو آئین اور کسی قاعدے قانون کی کوئی پرواہ نہیں، عمران خان کہہ رہے ہیں شہباز گل کو ننگا کر کے مارا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کے وزیر قانون شہباز گل سے جب مل کر آئے تو انہوں نے میڈیا کے سامنے کہا کہ شہباز گل بالکل ٹھیک اور فٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل اڈیالہ جیل میں وفاقی پولیس کے قیدی ہیں، کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کہ پنجاب حکومت خط لکھ کر روبکار جاری کروائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ آچکا ہے، شہباز گل کا ریمانڈ ہو رہا ہے، عدالت کے فیصلے پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت اور پرویز الٰہی اس وقت فلڈ ایریاز میں نہیں جا سکتے لیکن شہباز گل کی روبکار کیلئے اس وقت پنجاب کے سی ایم ہائوس میں قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا بیان:

شازیہ مری نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، عمران نیازی نے عدالتی فیصلے کے خلاف پنجاب کے کٹھپتلی وزیر اعلیٰ کو کھڑا کردیا ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ آئین کو مانتا ہے نہ قانون کو، عمران خان پنجاب اور کے پی حکومت کی مدد سے شہباز گل کو ملک سے فرار کرانے کی سازش کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ جھوٹ، مکاری اور غلط بیانی عمران خان کی عادت ہے، عمران انصاف کا بول بالا نہیں بلکہ انصاف کا منہ کالا کرنے پر تلا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ملنے والی ممنوعہ فارن فنڈنگ آج اپنا اثر دکھا رہی ہے، ثابت ہو رہا ہے عمران خان کی غیر ملکی فنڈنگ ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے ہی تھی۔

شازیہ مری نے کہا کہ شہباز گل وفاقی پولیس کا ملزم ہے، اسے پنجاب پولیس کی مدد سے اغوا کیا جا رہا ہے، عمران اداروں پر ناجائز دباؤ ڈال کر انصاف کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔