کابل کی مسجد میں دھماکا، 30 افراد جاں بحق، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

ویب ڈیسک  بدھ 17 اگست 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

شمالی کابل کی ایک مسجد میں دھماکے سے 30 سے افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق پولیس نے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے تاہم اس ضمن میں صحیح اعداد و شمار پیش نہیں کیے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مسجد میں دھماکا نماز کی ادائیگی کے دوران ہوا۔ دھماکے کے بعد طالبان کی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فلاحی ادارے کے رضاکاروں نے ریسکیو کر کے ہلاک شدگان و زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ شمالی کابل میں زور دار دھماکے کی آواز میں سنی گئی جس سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: کابل میں خودکش حملہ، افغان طالبان کے اہم رہنما جاں بحق

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے بتایا کہ دھماکا مسجد کے اندر ہوا، دھماکے میں جانی نقصان ہوا ہے  لیکن تعداد ابھی واضح نہیں ہے۔ طالبان کے انٹیلی جنس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکا کابل کے علاقے خیر خانہ میں نمازیوں کے درمیان ایک مسجد میں ہوا۔

مقامی میڈیا کے مطابق اب تک کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔