آئمہ بیگ کی اُردو کتنی خالص ہے؟ سوشل میڈیا پر گلوکارہ کے چرچے

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اگست 2022
آئمہ بیگ نےکہا کہ انسان کی ویسی ہی عادت بن جاتی ہے جیسا کہ اس کے ارد گرد کا ماحول ہوتا ہے(فائل فوٹو)

آئمہ بیگ نےکہا کہ انسان کی ویسی ہی عادت بن جاتی ہے جیسا کہ اس کے ارد گرد کا ماحول ہوتا ہے(فائل فوٹو)

 لندن: گلوکارہ آئمہ بیگ رپورٹر کے لہجے سے متعلق سوال پر خالص اردو بولنے کی کشمکش میں مبتلا ہوگئیں۔

پاکستان کی معروف  گلوکارہ آئمہ بیگ  کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں گلوکارہ کو رپورٹر کے ان کے لہجے سے متعلق سوال پر اُلجھن کا شکار ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

آئمہ بیگ کا انٹرویو لیتے ہوئے رپورٹر نے سوال کیا کہ آپ اپنے گانوں کے علاوہ عام گفتگو کے دوران ہمیشہ انگریزی ہی بولتی ہیں تو آپ کو اردو بولنی نہیں آتی یا آپ کا کوئی اور مسئلہ ہے؟

آئمہ بیگ نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’نہیں میری اردو بہت خالص ہے‘۔

گلوکارہ نے بات کا آغاز کیا ہی تھا کہ وہ پھر سے انگریزی میں بات کرنے لگیں لیکن فوری احساس ہوا کہ انہیں یہ انٹرویو اردو میں دینا ہے۔ آئمہ بیگ نے کہا کہ’بات صرف اتنی ہے کہ جب آپ عام زندگی میں لوگوں سے بات کر رہے ہوتے ہو تو‘۔


اتنی بات کرنے کے بعد آئمہ بیگ پھر سےانگریزی میں بات کرنے لگیں تو رپورٹر نے ان کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ آپ نے اردو میں بات کرنی ہے پھر آئمہ تھوڑا سا شرمندہ اور کنفیوژ ہوگئیں اور پھر اردو میں انٹرویو دینے کی کوشش کرنے لگیں۔

آئمہ بیگ نےکہا کہ انسان کی ویسی ہی عادت بن جاتی ہے جیسا کہ اس کے ارد گرد کا ماحول ہوتا ہے۔

گلوکارہ کے اس جواب پر صحافی نے ایک اور سوال پوچھا کہ’آپ نے ٹی وی پر اردو میں کافی پروگرامز کیے لیکن جب سے آپ میوز ک کے شعبے سے وابستہ ہوئی ہیں آپ اردو بھولتی جارہی ہیں، مسئلہ کیا ہے؟‘

گلوکارہ نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ’ایسی بات نہیں ہے، شروع سے ہی مجھے انگریزی آتی تھی‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آئمہ بیگ نے لندن میں اپنا پہلا کنسرٹ کیا تھا جس میں انہوں نے امریکی گلوکارہ کا انگریزی گانا بھی گایا تھا، تاہم ناقدین کی جانب سے آئمہ کی اس کوشش کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔