بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے 230 افرا جاں بحق، اموات میں اضافے کا خدشہ

ویب ڈیسک  بدھ 24 اگست 2022
فوٹو : ٹویٹر

فوٹو : ٹویٹر

 کوئٹہ: بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے تباہی کے باعث یکم جون سے 24 اگست تک جاں بحق افراد کی تعداد 230 تک پہنچ گئی جبکہ حکام نے اموات میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 اموات اور بچوں و خواتین سمیت ایک درجن شہری زخمی ہوئے، اس طرح یکم جون سے اب تک 230 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، پشین اور سبی میں ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر بلوچستان میں 26 ہزار 567 مکانات منہدم و جزوی نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں 2 لاکھ سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں، بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی شاہراییں اور کراچی کوئٹہ شاہراہ بھی تاحال بند ہیں۔

بارشوں کے باعث 1 لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں اور انگور سیب کے باغات، ٹیوب ویلز بورنگ اور سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا ہے۔ بارشوں میں 690 کلو میٹر پر مشتمل مختلف 6 شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں اور 18 رابطہ پل ٹوٹ چکے ہیں۔

علاوہ ازیں کچھ علاقوں میں بارش کا تین تین فٹ پانی تاحال کھڑا ہوا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔