حادثے میں خاتون کی ہلاکت پر کار سوار پر 63 لاکھ روپے ہرجانہ

کورٹ رپورٹر  جمعرات 18 اگست 2022
فوٹو : ایکسپریس نیوز

فوٹو : ایکسپریس نیوز

 کراچی: سیشن عدالت نے گاڑی کی ٹکر سے رکشہ سوار خاتون کی ہلاکت کے مقدمے میں ڈرائیور کو مقتولہ کے اہلخانہ کو 63 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں سیشن عدالت نے گاڑی کی ٹکر سے رکشہ سوار خاتون کی ہلاکت کے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ڈرائیور رمیش کمار کو صابرہ بی بی کے ورثا کو 63 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ رقم ہرجانہ اور دیت کی مد میں ادا کی جائے البتہ ورثا کا ایک کروڑ 43 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ درست نہیں کیونکہ جاں بحق خاتون ورکنگ لیڈی نہیں تھیں۔

شواہد کے مطابق رمیش کمار لائسنس کے بغیر گاڑی چلا رہا تھا، رمیش کمار کی غفلت اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے حادثہ پیش آیا، متعدد نوٹس کے باوجود مدعا علیہان نے جواب جمع نہیں کرایا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا تھا کہ ہم نے 1 کروڑ 43 لاکھ روپے کا ہرجانہ دائر کیا تھا۔ 2019 کا واقعہ ہے، ملزم کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تک نہیں تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔