سینیٹر الیاس بلور کو نوسربازوں نے ٹھگ لیا

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اگست 2022
سینیٹر الیاس بلور کو لاکھوں روپے کا چونا لگادیا گیا

سینیٹر الیاس بلور کو لاکھوں روپے کا چونا لگادیا گیا

 راولپنڈی: نوسر بازوں نے پارلیمنٹرینز پر بھی وار کردیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما الیاس بلور نوسربازوں کے جھانسے میں آگئے۔ الیاس بلور نے بتایا کہ موبائل فون پر مجھے کال آئی اور کالر نے تھانہ کینٹ راولپنڈی کے اے ایس آئی شاہ کے نام سے اپنا تعارف کرایا۔

سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ اے ایس آئی نے بتایا کہ آپ کا بھانجا لڑکیوں کے ساتھ پکڑا گیا ہے، اے ایس آئی نے بھانجے سے میری بات کرائی جس نے کہا مجھے بچا لیں، مجھ سے مختلف موبائل نمبرز پر دس لاکھ 98 ہزار روپے طلب کیے گئے۔

سینیٹر الیاس بلور نے بتایا کہ میں نے تصدیق کیے بغیر مختلف نمبروں پر رقم بھجوا دی، بعد میں بھانجے سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا وہ تو اپنی فیکٹری میں موجود ہے اور اس کے ساتھ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

پولیس نے الیاس بلور کے بیان کی روشنی میں فراڈ و ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔