اقتدار میں آکرڈرون حملوںکا جواب دیں گے،فرید پراچہ

ایکسپریس اردو  منگل 10 جولائی 2012
 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے، طالبان ،ترکی اورمصر ہمارا ماڈل نہیں

6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے، طالبان ،ترکی اورمصر ہمارا ماڈل نہیں

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر850ارب روپے سالانہ کرپشن ، 800ارب روپے سود ، 1150ارب روپے کی ٹیکس چوری اور زکوٰۃ فنڈز میں ہونے والی 250ارب روپے کی کرپشن کو ختم کرکے یہ پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر ے گی ۔

وہ جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ککری گرائونڈ میں جلسہ انقلاب اسلامی سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر راجہ عارف سلطان و دیگر بھی موجود تھے ، ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم اور بجلی کے نرخ میں کمی کر دے گی، ملک میں ڈھائی سو مقامات ایسے ہیں جہاں پر ہوا، کوئلے اور پانی سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، ہر سال 10لاکھ نئی نوکریاں پیدا کی جائیں گی،جماعت اسلامی لوگوں کو زمین فراہم کرے گی،

انھوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر پاکستان کی سرزمین پر ہونے والے ڈرون حملوںکا بھرپور جواب دیں گے، انھوں نے کہا کہ ن لیگ سے ق لیگ اور پھر تحریک انصاف میں آنے والے ایک مرتبہ پھرقوم کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ طالبان ، ترکی اور مصر سمیت کوئی ملک ہمارا ماڈل نہیں ہمارا ماڈل صرف اور صرف نبی کریم کی ذات ہے اور ان کی قائم کردہ مدینہ کی ریاست ہے ،علاوہ ازیں جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحالی کیخلاف دفاع پاکستان کونسل نے کامیاب لانگ مارچ کرکے عوام کے احساسات وجذبات کی ترجمانی کی،نیٹو سپلائی بحالی کے فیصلے کی واپسی تک احتجاج کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔