تاجر برادری نے نئے حکومتی ٹیکس کو مسترد کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اگست 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے حکومت کی جانب سے نئے ٹیکس لگانے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 27 ارب کے لگائے گئے نئے ٹیکسز مسترد کرتے ہیں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بغیر لگایا گیا کوئی نیا ٹیکس قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کا وعدہ تھا کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے، پہلے فکس سیل ٹیکس لگا کرتاجر برادری کو ایک ماہ خوار کیا گیا اور درآمد پر پابندی سے تاجروں اور ملک دونوں کا نقصان ہوا۔

اجمل بلوچ نے کہا کہ تمباکو غریب آدمی پیتا ہےاس پر ٹیکس نہ لگایا جائے، امپورٹڈ سگریٹ پر 100 گنا ڈیوٹی لگائی جائے یہ بڑے لوگ پیتے ہیں، حکومت فیول اڑجسٹمنٹ کے نام پر لگایا گیا ٹیکس فوری واپس لے۔

ان کا کہنا تھا کہ اندھیر نگری ہے بجلی ،گیس چوری اور مفت پٹرول کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں، ظلم کی انتہا یہ ہے کہ فیول اڑجسٹمنٹ پر بھی سیل ٹیکس اور انکم ٹیکس وصول کیا گیا ہے، حکومت نےفیول اڑجسٹمنٹ کے نام پر غریب آدمی کا بھرکس نکال دیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔