دو سالہ بچی نے سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر مار ڈالا

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اگست 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) بچی کو فوری طور پر میٹرنٹی اینڈ چلڈرن اسپتال منتقل کردیا گیا

(فوٹو: ٹوئٹر) بچی کو فوری طور پر میٹرنٹی اینڈ چلڈرن اسپتال منتقل کردیا گیا

 انقرہ: ترکی میں دو سالہ بچی نے حملہ آور سانپ کو اپنے دانتوں سے کاٹ کر مار ڈالا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے شہر بنگول کے قریب کنتار گاؤں میں واقعہ 10 اگست کو پیش آیا، جہاں کمسن بچی گھر کے باہر صحن میں کھیل رہی کہ اچانک چیخنے کی آواز آئی جس پر اہلخانہ اور پڑوسی جمع ہوگئے۔

پڑوسی جب بچی کے پاس پہنچے تو انہوں نے بچی کے ہاتھ میں سانپ دیکھا جس پر دانتوں سے کاٹنے کے نشانات بھی موجود تھے جب کہ سانپ نے بچی کے ہونٹ پر کاٹا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سانپ بچی کے کاٹنے سے موقع پر ہی مر گیا جبکہ بچی کو فوری طور پر میٹرنٹی اینڈ چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے 24 گھنٹے تک نگرانی میں رکھا گیا اور بعد ازاں گھر بھیج دیا گیا۔

واضح رہے کہ اگرچہ اس بچی پر حملہ کرنے والے سانپ کی قسم کا علم نہیں ہے تاہم ترکی میں سانپوں کی کل 45 اقسام موجود ہیں جن میں سے 12 زہریلی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔