پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں دھاندلی کی بھارتی کوشش مسترد کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اگست 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قبل از انتخابات دھاندلی اور جوڑ توڑ کی بھارتی کوششوں کو مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عارضی رہائشیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بطور ووٹر رجسٹر کرنے کا بھارتی اعلان انتخابات کے نتائج کو متاثر کرنے کے کا واضح ثبوت ہے اور پاکستان بھارت کے ان تمام اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔

بھارتی اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے باوجود بھارت کشمیری عوام کی خواہشات کو توڑنے یا عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔

بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ایسے تمام اقدامات سے باز رہنا چاہیے جو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہیں جبکہ بھارت کو مقبوضہ جموں کشمیر میں حراست میں لیے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کرنا چاہیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے جائز حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دے، پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو متاثر کرنے کی بھارتی کوششوں کا فوری نوٹس لے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔