روسی صدر کا 10 بچے پیدا کرنے والی خواتین کیلیے انعامی رقم کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اگست 2022
16 ہزار ڈالر کی خطیر رقم بھی دی جائے گی، فوٹو: فائل

16 ہزار ڈالر کی خطیر رقم بھی دی جائے گی، فوٹو: فائل

 ماسکو: روس کی آبادی میں مسلسل کمی کے باعث صدر ولادیمیر پیوٹن نے 10 یا اس سے زائد بچے پیدا کرنے والی خواتین کو خصوصی اعزاز اور خطیر رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اعلان کیا ہے کہ 10 یا اس سے زیادہ بچے پیدا کرنے والی خواتین کو اعزاز ’’مدر ہیروئن‘‘ سے نوازا جائے گا اور ساتھ ہی 16 ہزار ڈالر نقد رقم بھی دی جائے گی۔

یہ رقم 10 ویں بچے کی پیدائش پر دی جائے گی اور تمام بچوں کا زندہ ہونا شرط ہوگا۔ دوران حمل یا پیدائش کے بعد انتقال کر جانے والے بچوں کو شمار نہیں کیا جائے گا۔

یہ اعلان کورونا وبا کے دوران بچوں کی پیدائش کی شرح میں غیر معمولی کمی اور یوکرین جنگ میں ہزاروں روسی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اعلان سے روسی صدر کے اس موقف کی تائید ہوتی ہے کہ بچوں کی زیادہ تعداد والے خاندان کو زیادہ محب الوطن سمجھا جائے گا۔

روس میں 2010 سے بچوں کی پیدائش کی شرح میں مسلسل کمی آئی ہے جو اب خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت روس میں بچوں کی پیدائش کی شرح فی خاتون ایک اعشاریہ پانچ صفر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔