سعودی عرب میں برقع پوش گلوکارہ کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اگست 2022
صارفین کی اکثریت نے برقع پوش گلوکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، فوٹو: ویڈیو گریب

صارفین کی اکثریت نے برقع پوش گلوکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، فوٹو: ویڈیو گریب

ریاض: سعودی عرب میں برقع پوش خاتون کی گانا ریکارڈ کراتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی جس پر اکثر صارفین نے کڑی تنقید کرتے ہوئے خاتون کو آڑے ہاتھوں لے لیا جب کہ کچھ نے خاتون کی ہمت افزائی بھی کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی عرب کے اداکار عبداللہ السدحان نے ویڈیو شیئر کی جس میں ایک برقع پوش خاتون کو گانا گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کی کیپشن میں اداکار عبداللہ السدحان نے لکھا کہ آواز بہت خوبصورت ہے۔ اللہ آپ کی حفاظت کرے۔ یقیناً رزق کی تلاش مشکل ہے۔ آگے بڑھتے رہو چاہے جتنی مشکلات آئیں۔

اس ویڈیو پر جہاں کئی صارفین نے خاتون کی تعریف کی وہیں اکثر سعودی شہریوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے برقع پوش گلوکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

خاتون کی حمایت کرنے والے صارفین نے لکھا کہ حجاب، برقع یا پردہ کسی بھی صلاحیت کے اظہار میں رکاوٹ نہیں۔ آپ ایک فنکار ہیں اور باپردہ ہوکر بھی اپنی آواز کا جادو جگا سکتی ہیں۔

https://twitter.com/Abdulsadhan/status/1559387636216774658?s=20&t=pYT-MWTNC47Fz7LBLN9w2g

دوسری جانب تنقید کرنے والے ایک صارف نے لکھا کہ موسیقی اور گانا گانا مذہبی طور پر جائز نہیں۔ اگر روزی ہی کمانا ہے تو ایسا پیشہ اپناؤ جس پر سب کو آپ پر فخر ہو۔

صارفین نے گلوگاری کے پیشے اور برقع کو دہرا معیار قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یا تو مکمل مذہب کی پاسداری کریں یا پھر ایک گلوکارہ جیسا بھیس اپنالیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔