جوہی چاولہ کا کراچی سے کیا رشتہ ہے؟ اداکارہ کا انٹرویو وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اگست 2022
جوہی چاولہ کے  خاندان کو برِصغیر کی تقسیم کےوقت پاکستان چھوڑ کر بھارت آنا پڑا(فائل فوٹو)

جوہی چاولہ کے خاندان کو برِصغیر کی تقسیم کےوقت پاکستان چھوڑ کر بھارت آنا پڑا(فائل فوٹو)

ممبئی: مشہور بالی ووڈ ہیروئن جوہی چاولہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے ان کا سالوں پرانا  تعلق ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اکثر کراچی کا رُخ کرتی ہیں۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان کے ساتھ مشہورِ زمانہ فلم ’رام جانے‘ اور’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی جوہی چاولہ کا دل ہندوستانی نہیں بلکہ پاکستانی ہے۔

جوہی کا ایک پرانا انٹرویو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا تعلق بھارت سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے اور ان کے خاندان کے کچھ لوگ اب بھی کراچی میں رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا کراچی آنا جانا لگا رہتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ تقسیمِ  برصغیر کے وقت ان کے نانا ، نانی  دادا اور دادی بچوں سمیت بھارت منتقل ہوگئے تھے جبکہ ان کی خالہ کی شادی کراچی کے ایک مشہور فلم پروڈیوسر جگدیش چاند آنندد (جے سی) آنند سے ہوئی تھی، جنہوں نے پاکستان چھوڑنا پسند نہیں کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جگدیش چاند آنندد پاکستان کے مشہور پروڈکشن ہاؤس ’ایور ریڈی پکچر‘ کے مالک تھے اور وہ کراچی کی ایک مشہور شخصیت تھے جبکہ ان کے کزنز اب بھی کراچی میں ہی رہتے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو سے قبل 2018 میں جوہی چاولہ کو کراچی میں دیکھا گیا تھا اور انہوں نے بعد ازاں اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے کراچی آنے کی تصدیق بھی کی تھی۔

جبکہ اس سے قبل نوے کی دہائی، 2002 ،  2013 سے 2016 کے درمیان بھی جوہی چاولہ کو متعدد بار کراچی میں دیکھا گیا۔

یاد رہے کہ ایور ریڈی پکچر کا شمار پاکستان کے قدیم ترین اور بڑے پروڈکشن ہاؤسز میں ہوتا ہے، جس نے گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران 500 کے قریب فلموں کو پروڈیوس اور پیش کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔