ازبکستان سے بھی ٹرک ڈرائیورز کو چھ ماہ کے ویزا کا معاہدہ کیا جائیگا، وزیر تجارت

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اگست 2022
ہندوستان کے ساتھ تعلقات ایسے نہیں ہیں کہ ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کراس کرنے دیا جائے، وزیر تجارت (فوٹو: فائل)

ہندوستان کے ساتھ تعلقات ایسے نہیں ہیں کہ ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کراس کرنے دیا جائے، وزیر تجارت (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیر تجارت نوید قمرنے کہا ہے کہ جلد افغانستان کی طرح ازبکستان کے ساتھ بھی ٹرک ڈرائیورز کو چھ ماہ کا ویزا جاری کرنے کا معاہدہ کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر تجارت سید نوید قمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک افغان تجارتی معاہدے میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ٹرک ڈرائیورز کو چھ ماہ کا ویزا دیں گے جس سے سامان کی ترسیل میں آسانی ہوگی۔

نوید قمر نے کہا کہ سامان کی ترسیل کے لیے پاکستان ازبکستان کے ساتھ بھی معاہدہ کرنے جا رہا ہے، ازبکستان کے ساتھ ٹرک ڈرائیورز کو چھ ماہ کا ویزا جاری کرنے کا معاہدہ کیا جائے گا، ٹرک نہ صرف افغانستان بلکہ ازبکستان بھی آ اور جا سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کراس کرنے کی اجازت دینے کی ڈیمانڈ بھی آتی ہے لیکن ہندوستان کے ساتھ سیاسی تعلقات ایسے نہیں کہ اجازت دی جائے، ہندوستان کے ساتھ حالات معمول پر آگئے تو ان معاملات پر غور کیا جاسکتا ہے، تعلقات میں بہتری کی صورت میں ہی سارک تجارت سمیت دیگر معاملات پر بات ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔