یوٹیوبر جمیل فاروقی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ویب ڈیسک  منگل 23 اگست 2022
پولیس نے گرفتاری کے وقت گاڑی اورپرس چھین لیا،جمیل فاروقی:فوٹو:سوشل میڈیا

پولیس نے گرفتاری کے وقت گاڑی اورپرس چھین لیا،جمیل فاروقی:فوٹو:سوشل میڈیا

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے یوٹیوبر جمیل فاروقی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پولیس کی درخواست پریوٹیوبر جمیل فاروقی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا۔ عدالت نے ملزم کو 25 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ میاں اظہر ندیم نے ایک صفحہ پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوبرجمیل فاروقی کواسلام آباد پولیس کے خلاف وی لاگ کرنے پرگرفتارکیا گیا۔ یوٹیوبر جمیل فاروقی نے اسلام آباد پولیس پرشہباز گل پرتشدد کرنے کا الزام لگایا۔

فیصلے کے مطابق پولیس کی جانب سے آٹھ روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ پولیس جمیل فاروقی کا موبائل اور دیگر ڈیوائسزبرآمد کرنا چاہتی ہے۔ تفتیش کے لئے موبائل فون اور دیگرڈیوائسز کی برآمدگی ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: یوٹیوبر جمیل فاروقی راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ یوٹیوبر جمیل فاروقی نے اپنے ذرائع سے خبر دی۔ عدالت نے جمیل فاروقی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے ملزم کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ 25 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا ۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔