سہون میں سادہ لباس اہل کاروں کی کار پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی

ویب ڈیسک  منگل 23 اگست 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

سہون: سہون میں سادہ لباس اہل کاروں کی کار پر فائرنگ سے کار موٹر سائیکل سے جا ٹکرائی جس کے باعث ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، مقامی لوگوں نے اہل کاروں کو پکڑلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیہون میں پولیس نے ایک کار پر فائرنگ کردی جس کے بعد تیز رفتار کار بے قابو ہوکر موٹر سائیکل سوار سے ٹکرائی نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنالیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت گل حسن بھٹی اور زخمیوں کی راحب مری اورلائق بھٹی کے نام سے شناخت ہوئی جنہیں  اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سادہ لباس اہل کاروں نے کار کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کردی، سادہ لباس اہل کاروں نے لعل باغ کے مقام سے گزرنے والی کار پر فائرنگ کردی۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت کار میں یونین کونسل جھانگارا سے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سید فرقان شاہ سوار تھے۔ جب کہ فائرنگ کرنے والے سادہ لباس اہلکار ایس ایچ او سیہون کے ذاتی گارڈ نکلے۔ جھانگارا کے رہائشیوں نے ایس ایچ او سیہون کے گارڈز کو پکڑ کر کمرے میں بند کردیا۔

واقعے کے بعد ایس ایچ او سیہون سب انسپکٹر نیک محمد کھوسو پولیس کی بھاری نفری لے کر سید فرقان شاہ کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ سید فرقان شاہ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔