امریکی یوٹیوبر نے 24 گھنٹوں میں باسکٹ بال کے پانچ ریکارڈ توڑ ڈالے

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2022
(فوٹو: یوٹیوب)

(فوٹو: یوٹیوب)

لیک چارلس: ایک امریکی یوٹیوبر نے 24 گھنٹے میں باسکٹ بال کے پانچ ٹِرک شاٹ (معمول سے ہٹ کر غیر متوقع شاٹ) کے ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالے۔

امریکن میڈیا کے مطابق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے ایک یوٹیوب پوسٹ میں بتایا کہ جوشوا واکر نے 24 گھنٹوں کے دورانیے میں پانچ ریکارڈز کو توڑا۔

امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر لیک چارلس میں بنائے جانے والے ان ریکارڈز میں جوشوا واکر نے پہلا ریکارڈ 113 فٹ 6 انچز سے پھینکے گئے طویل شاٹ کا بنایا۔

یوٹیوبر کا دوسرا ریکارڈ 48 فِٹ کی دوری سے طویل بِی ہائینڈ دی بیک شاٹ کا تھا۔ تیسرا ریکارڈ 80 فِٹ کی دوری سے طویل ہُک شاٹ پھینک کر جبکہ چوتھا ریکارڈ 95 فِٹ کی دوری سے طویل باؤنس شاٹ پھینک کر بنایا۔

امریکن شہری کی جانب سے آخری ریکارڈ 84 فِٹ کی دوری سے بیک ورڈ شاٹ پھینک کر بنایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔