اہل پاکستان اور کشمیری علی گیلانی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2022
سید علی گیلانی کے لیے بابائے حریت کا خطاب، اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے، وزیراعظم (فوٹو فائل)

سید علی گیلانی کے لیے بابائے حریت کا خطاب، اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے، وزیراعظم (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اہل پاکستان اور تمام کشمیری سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آزادیٔ کشمیر کی علامت  سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  کشمیریوں کا سید علی گیلانی کے لیے بابائے حریت کا خطاب، اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے ۔ مرد آہن سید علی گیلانی کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے ۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں تحریک اور مشن کا نام ہے، جس کا نعرہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ہے۔ سید علی گیلانی کا جسدخاکی چھین لینے سے کشمیریوں کی آزادی کے لیے تڑپ چھینی نہیں جاسکتی۔اہل پاکستان اور تمام کشمیری سید علی گیلانی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی سید علی گیلانی سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔