امارات سے 50 ملین ڈالر کا امدادی سامان آنا شروع ہوگیا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2022
یواے ای کے صدر محمد بن زاید نے سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے، شہباز شریف

یواے ای کے صدر محمد بن زاید نے سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے، شہباز شریف

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے سیلاب متاثرین کے لئے 50 ملین ڈالر کا امدادی سامان آنا شروع ہوگیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 50 ملین ڈالر کی امدادی سامان کی پہلی کھیپ کی فراہمی شروع کردی ہے، گزشتہ رات یواے ای کے صدر محمد بن زاید سے ٹیلی فونک پر گفتگو ہوئی، انہوں نے یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے صدر محمد بن زاید کی دعوت پر 3 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنا تھا، ہم نے باہمی طور پر دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ میں ملک میں امدادی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کر سکوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کے مقروض رہیں گے جنہوں نے اس مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔

ادھر یو اے ای کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان لے کر طیارہ کراچی پہنچ گیا۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے امدادی سامان میں خوراک، ادویات اور خیمیں شامل ہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے امدادی سامان لے کر آنے والے سی ون طیارے کو وصول کیا۔ یو اے ای کے قونصل جنرل، قونصلیٹ کے اعلٰی افسران، پی ڈی ایم اے افسران اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔