وڈیرا شاہی کے خاتمے تک سندھ ترقی نہیں کرسکتا، علی گل پیر

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2022
علی گُل پیر نےسندھ میں رائج وڈیرہ شاہی نظام کے خلاف آواز اُٹھا دی (فوٹو انسٹاگرام)

علی گُل پیر نےسندھ میں رائج وڈیرہ شاہی نظام کے خلاف آواز اُٹھا دی (فوٹو انسٹاگرام)

کراچی: پاکستان کے معروف کامیڈین یوٹیوبر علی گُل پیرسندھ میں رائج وڈیرہ شاہی نظام کے خلاف بول پڑے۔

گزشتہ دنوں سندھ کے ایک ایم این اے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ وہ سیلاب متاثرین کے سامنے کولڈ ڈرنک ی رہے ہیں اور منرل واٹر سے اپنے پاؤں دھو رہے ہیں۔

اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید اظہارِ برہمی کیا گیا تاہم اب علی گل پیر نے بھی اس خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک یہ سوچ رہے گی، کچھ تبدیل نہیں ہو سکتا۔

علی گُل پیر نے سندھ کے ایک ایم این اے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جب تک صوبہ سندھ سے وڈیرا شاہی کی سوچ ختم نہیں ہوگی تب تک سندھ اور پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ’ امیر علی شاہ کی یہ ویڈیو پرانی ہے جو کہ آج کل وائرل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایم این اے امیر علی شاہ کی یہ ویڈیو پرانی بھی ہے تو وہ پھر بھی کہیں گے کہ غریب عوام کے ساتھ یہ رویہ نامناسب ہے، وہ بھی سندھ میں رہتے ہیں اور انہوں نے اپنے ہی خاندان میں بھی ایسے ہی رویے دیکھے ہیں‘۔

گلوکار اور کامیڈین علی گُل پیر نے کہا کہ مجھے اِن ویڈیوز میں نظر آنے والے شخص سے نہیں بلکہ اس سوچ سے مسئلہ ہے اور جب تک یہ سوچ رہے گی، کچھ تبدیل نہیں ہو سکتا۔


وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ رکن قومی اسمبلی کے ارد گرد گاؤں کے لوگ موجود ہیں اور وہ چارپائی پر بیٹھ کر آرام سے کولڈ ڈرنک پی رہے ہیں سگریٹ پھونک رہے ہیں جبکہ  منرل واٹر سے پاؤں دھوتے بھی دکھائی دیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔