کٹی پہاڑی پر منشیات فروشوں کےخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

پولیس نے کٹی پہاڑی پر منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیا ہے اس دوران قائم تمام چوکیوں پر نفری کی تعیناتی کے علاوہ نئی چوکیاں بھی بنائی جائیں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر فرخ ، ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان و دیگر حکام کے ہمراہ کٹی پہاڑی کا دورہ کیا اور کھلی کچہری منعقد کرکے علاقہ عمائدین سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ویسٹ میں منشیات فروشوں کی جنت تصور کئے جانے والےعلاقے کٹی پہاڑی کو منشیات سے پاک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پولیس کی بھاری نفری نے ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کی سربراہی میں گزشتہ روز علاقے کا دورہ کیا، نفری پہاڑ کے اوپر بھی گئی اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور انھیں منشیات کے نقصانات سے آگاہ کیا،کچھ نوجوانوں نے پولیس حکام کے ساتھ کام کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے ایکسپریس کو بتایا کہ چونکہ کٹی پہاڑی کی شناخت منشیات فروشوں کی جنت کی حیثیت سے تھی لہٰذا اس شناخت کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا اور علاقے کو منشیات سے مکمل طور پر پاک کردیا جائے گا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ علاقہ عمائدین نے گرینڈ آپریشن کے دوران پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی نے بتایا کہ آپریشن کا ٹائم فریم حتمی طور پر نہیں بتایا جاسکتا لیکن پولیس نے اپنا ٹارگٹ دس سے پندرہ دن کا طے کیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر منشیات فروشی کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد منشیات کے عادی افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے ان کی ری ہیبلٹیشن بھی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔