چار لوگوں نے بند کمرے میں مجھے نااہل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2022
میں نے ویڈیو ریکارڈ کرادی ہے جس میں اُن چار لوگوں کے نام ہیں، عمران خان (فوٹو فائل)

میں نے ویڈیو ریکارڈ کرادی ہے جس میں اُن چار لوگوں کے نام ہیں، عمران خان (فوٹو فائل)

سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چار لوگوں نے بند کمرے میں بیٹھ کر سازش کی اور پھر مجھے نااہل کروانے کا منصوبہ بنایا۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں نے ایک ٹیپ ریکارڈ کر کے رکھوادی ہے جس میں اُن چار لوگوں کے نام ہیں جنہوں نے میری حکومت کے خلاف سازش کی اور نااہل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو وہ ٹیپ عوام کے سامنے آئے گی اور پھر عوام اُن چاروں لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے نااہل کرنے کا منصوبہ پنجاب الیکشن کے نتائج دیکھ کر بنایا کیونکہ اب انہیں معلوم ہے کہ عام انتخابات میں عوام پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت سے کامیاب کروائیں گے، یہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو ساتھ ملا کر منصوبے کو عملی جامع پہنانے کی کوشش کررہے ہیں مگر لکھ کر دیتا ہون کہ انہیں ناکامی ہوگی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے ہمارے خلاف مسجد نبوی ﷺ کے واقعے کے بعد توہین  کے مقدمات درج کیے اور پھر دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جس پر دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی کیونکہ عالمی اداروں اور اخبارات کے صفحہ اول پر میری خبر لگی جو پہلے کبھی نہیں لگی تھی‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب یہ توشہ خانے کی طرف آرہے ہیں، میں  بھی چاہتا ہوں کہ توشہ خانے کا کیس چلے جس کی کھلی سماعت ہو اور پھر زرداری، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی  کو ملنے والے تحائف پر بھی سماعت کی جائے تاکہ عوام کو معلوم ہوسکے کہ کس نے کتنا فائدہ اٹھایا اور ملک کو نقصان پہنچایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔