سوات: مقامی افراد نے سڑک کی بحالی کا کام خود شروع کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 1 ستمبر 2022
اسکرین گریپ

اسکرین گریپ

سوات: خیبرپختونخواہ کے مالاکنڈ ڈویژن میں سیلاب سے متاثر ہونے والے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت وادی سوات کی تباہ ہونے والی سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کردیا۔

سیلاب کے باعث متاثر ہونے والے سوات کے مکینوں نے نقل و حرکت کے لیے سڑک کی بحالی کا کام شروع کردیا۔

مقامی افراد نے متحد ہوکر اپنی مدد آپ کے تحت سوات کے علاقے بحرین سے کالام جانے والی سڑک سے پتھر ہٹا کر اُس کی مرمت کا کام شروع کردیا۔

علاقہ مکین بڑے بڑے پتھروں کو ہٹا کر سڑک کو قابل استعمال بنارہے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سڑک اور راستے خراب ہونے کی وجہ سے انہیں پہاڑوں کے ذریعے دشوار گزر کر بازار آنا پڑتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کالام میں جرگے کے عمائدین نے علاقے کی بحالی کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد صبح سے ہی نوجوان اور مقامی افراد بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور کام شروع کردیا۔ مقامی افراد اپنے حلقے سے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی اور وزرا سے بھی نالاں ہیں کیونکہ وہ اس مشکل وقت میں منظر سے غائب ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سوات میں سیلابی کا بڑا ریلہ داخل ہوا تھا، جس کے بھاؤ میں آکر ہوٹل، مکانات اور دیگر املاک پانی کی نذر ہوگئیں تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔