بغاوت پر اُکسانے کا کیس؛ شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کیلیے مقرر

ویب ڈیسک  جمعـء 2 ستمبر 2022
درخواست میں ایس ایچ او کوہسار،سٹی مجسٹریٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے (فوٹو فائل)

درخواست میں ایس ایچ او کوہسار،سٹی مجسٹریٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے مقدمے میں شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ پیر کے روز شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے ۔ قبل ازیں شہباز گل نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیاتھا اور اس سلسلے میں دائر کی گئی درخواست میں ایس ایچ او کوہسار،سٹی مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیاتھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 اگست کو تھانہ کوہسار پولیس نے گرفتار کیا۔ درخواست گزار سابق وزیراعظم عمران خان کا چیف اسٹاف افسر ہے۔ 17 اگست کو پمز کے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا۔  اڈیالہ جیل اور پمز کے میڈیکل بورڈ کے مطابق درخواست گزار پر تشدد کے شواہد ملے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔