مودی سرکار کا جنگی جنون؛ پہلا بھارتی ساختہ طیارہ بردار بحری جہاز تیار

ویب ڈیسک  جمعـء 2 ستمبر 2022
بھارت اس جنگی طیارے کی تیاری ایک دہائی سے کر رہا تھا، فوٹو: فائل

بھارت اس جنگی طیارے کی تیاری ایک دہائی سے کر رہا تھا، فوٹو: فائل

کوچی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے آئی این ایس وکرانت نامی طیارہ بردار بحری جہاز تیار کرلیا جس میں 30 طیارے اور عملے کے 1600 ارکان کی گنجائش ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کوچی کے شپ یارڈ میں منعقد کردہ ایک تقریب میں بھارت میں تیار کیے جانے والے پہلے طیارہ بردار بحری جہاز ’’ آئی این ائس وکرانت‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت بڑے جنگی جہاز بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا۔

غربت، کورونا وبا سے بے حال اور معاشی گراوٹ کے شکار بھارت میں مودی سرکار نے 45 ہزار ٹن وزنی جنگی جہاز کی تیاری میں 20 ہزار کروڑ روپے جھونک دیئے ہیں۔

جنگی جہاز کی لمبائی 262 میٹر اور چوڑائی 62 میٹر ہے۔ جس میں 30 طیاروں کو لے جانے کی صلاحیت ہے جب کہ عملے کے 1600 ارکان کے قیام و طعام کی بھی گنجائش ہے۔

یہ بھارت میں بنایا جانے والا سب سے بڑا جنگی جہاز ہے۔ جس کی تیاری دس سال سے جاری تھی اور گزشتہ برس سے سمندر میں اس کے تجربات کے متعدد مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔

ابتدا میں آئی این ایس وکرانت میں صرف مگ فائٹرز اور کچھ ہیلی کاپٹر رکھے جائیں گے جب کہ بھارتی بحریہ مزید 26 طیارے خرید رہا ہے جس میں کچھ بوئنگ اور کچھ ڈسالٹ طیارے ہوں گے۔

بھارتی بحریہ میں اس طیارہ بردار جنگی جہاز کی شامل ہونے سے اب بھارت اپنے مشرقی اور مغربی دونوں سمندری حدود پر طیارہ بردار بحری جہاز تعینات کر سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔