دوست کے قتل میں ملوث 4 دوست گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 2 ستمبر 2022
—فوٹو: ٹوئٹر

—فوٹو: ٹوئٹر

کراچی: حیدری پولیس نے دوست کے قتل میں ملوث 4 دوستوں کو گرفتار کرلیا۔ 

پولیس حکام کے مطابق 27 اگست کی شب حیدری کے علاقے میں فائرنگ سے سلمان قریشی نامی شہری جاں بحق ہوگیا تھا، ابتدا میں واقعہ اسٹریٹ کرائم معلوم ہوا تاہم جب پولیس نے سلمان قریشی کے موبائل فون کا ڈیٹا اور دیگر معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ سلمان قریشی کا اپنے دوست اختر کے ساتھ کاروباری تنازع چل رہا تھا۔

پولیس کے مطابق اس تنازع کی بنیاد پر اختر نے ہی سلمان کے قتل کا منصوبہ بنایا اور اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ اپنے دوستوں شاہ رخ ، عامر اور شاہد کے حوالے کیا جنھوں نے فائرنگ کرکے سلمان کو مار ڈالا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کرلی جس میں ملزمان کو کافی دیر تک سلمان قریشی کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، چاروں ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سلمان قریشی کے عقب میں تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں اور موقع ملتے ہی حیدری کے علاقے میں سلمان پر فائرنگ کردی جس سے سلمان سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مرکزی ملزم اختر نے اپنے دوست شاہ رخ کو اپنے ساتھ کاروباری شراکت داری کا لالچ دے کر سلمان کو قتل کرنے پر آمادہ کیا تھا جس کے بعد شاہ رخ نے عامر اور شاہد کو قتل کرنے کا ٹاسک دیا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔