اے این ایف کی کارروائیاں، کئی شہروں سے بھاری منشیات پکڑی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 ستمبر 2022
اے این ایف حکام نے گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے

اے این ایف حکام نے گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے

 اسلام آباد: اے این ایف نے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 100 کیپسول برآمد کرلیے گئے۔ حکام کے مطابق ملزم پشاور ائرپورٹ سےپرواز نمبر PA-612 کے ذریعے سفر کر رہا تھا۔

ایک دوسری کارروائی کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر کی گئی، جس میں محمد رفیق نامی ملزم سے 5 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف کی جانب سے تیسری کارروائی اسلام آباد میں واقع بین الاقوامی کوریئر کمپنی کے دفتر میں کی گئی، جہاں سے ناروے بھیجے جانے والے پارسل میں موجود میز کورز میں جذب شدہ 0.910 گرام  آئس پکڑی گئی۔

علاوہ ازیں جی ٹی روڈ  جہلم کے قریب پک اپ سے  2.400 کلوگرام افیون اور 43.200 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ دریں اثنا  اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب آلٹو کار کے سی این جی سلنڈر سے 24 کلو گرام منشیات برآمد کرکے  کار میں سوار 2 مُلزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام کے مطابق مختلف شہروں میں ہونے والی کاروائیوں کے دوران 6 گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔