کراچی میں ڈکیتوں کا راج، مزاحمت پر 3 قتل، نیا گروپ متحرک، شہریوں میں خوف

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 3 ستمبر 2022
نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی واردات کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی واردات کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

 کراچی: شہرقائد میں ڈاکوؤں کا راج بدستور جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی ڈکیتی میں مزاحمت پر 3 افراد کو قتل کردیا گیا جب کہ شہر میں ایک نیا ڈکیت گروپ بھی متحرک ہوگیا، جس کے بعد شہریوں میں خوف پایا جاتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پولیس کی جانب سے خاطر خواہ کارروائیاں نہ ہونے کے باعث شہر میں ایک نیا ڈکیت گروپ بھی متحرک ہوگیا، جسے چڈا گروپ کے نام سے جانا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چڈا گروپ کھلے عام مصروف ترین شاہراہوں پر ٹریفک اور رش کے دوران بھی بلاخوف و خطر لوٹ مار میں مصروف ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نئے چڈا گروپ کی وارداتوں کی وڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پرسوار 2 کارندے نارتھ ناظم آباد بلاک اے کے کمرشل علاقے میں بینک کے عین سامنے دن دیہاڑے  اسلحہ کے زور پر شہری سے لوٹ مار کر رہے ہیں۔واردات کی وڈیو ایک شہری کی جانب سے بنائی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ایک دوسری سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسلحہ کے زورپرایک شہری کو لوٹنے کی کوشش دیکھی جا سکتی ہے، تاہم شہری اپنی ہوشیاری سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ نئے چڈا گروپ کے متحرک ہونے پرشہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں نے پولیس حکام اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے جرائم پیشہ گروپوں کے خلاف فوری موثر کارروائی کی جائے۔

مزاحمت پر قتل کے واقعات

دوسری جانب شہر میں گزشتہ روز ڈکیتی کی مختلف کارروائیوں کے دوران مزاحمت پر 3 افراد سے جینے کا حق چھین لیا گیا۔ اورنگی ٹاؤن سیکٹر فور ایف بجلی نگرمیں  ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر محنت کش کو قتل کردیا  گیا۔ مومن آباد تھانے کی حدود میں نامعلوم مسلح ملزمان نے مزاحمت پر گولی ماری، جس میں زخمی ہونے والے 25 سالہ محمد عثمان ولد قاسم کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔

علاوہ ازیں گلستان جوہر میں بھی ایک واردات کے دوران مزاحمت پر ایک شخص کو قتل کردیا۔ مرنے والوں میں جناح اسپتال کے قریب قائم کڈنی سینٹر کا ایچ آر منیجر ذیشان بھی شامل ہے۔دریں اثنا اقبال مارکیٹ تھانے کےعلاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ رئیس امروہی کالونی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر رضوان ولد انعام اللہ زخمی ہو گیا۔ پولیس نے واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔

ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے

دریں اثنا عید گاہ پولیس نے رنچھور لائن میں مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکوکوہلاک کردیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جوبلی مارکیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والےڈاکو کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس کے مطابق ڈاکو کی شناخت 45 سالہ محمد فیصل ولد عبدالستار کے نام سے کی گئی، جس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اورایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

علاوہ ازیں الفلاح اورگلبرگ پولیس نے بھی 2 مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 زخمی ملزمان سمیت 4 ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ ،موبائل فونزاورموٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 26انور ولد اسلم اور22 سالہ رضوان ولد ناصرکے نام سے کی گئی، جن کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول ،4 راؤنڈ اورایک 125 موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

ڈکیتی میں مزاحمت پر 3 افراد زخمی

شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں 3 افراد زخمی ہو گئے ۔ ہفتے کی صبح شیرشاہ کے علاقے گلبائی لیاری ایکسپریس  کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا،جس کی شناخت 50 سالہ طیب ولد محبت حسین کے نام سے کی گئی ۔ پولیس کے مطابق زخمی سکیورٹی گارڈ ہے اور واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران پیش آیا۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب نارتھ نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت 45 سالہ واجد ولدافضل کے نام سے کی گئی۔ یہ واقعہ بھی ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرپیش آیا۔

محمود آباد تھانے کے علاقے اخترکالونی کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت30 سالہ شمس الرحمان کے نام سے کی گئی ۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی تنازع کا شاخسانہ ہے۔

پولیس نے تمام واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔