24 گھنٹوں میں سیلاب سے مزید 57 افراد جاں بحق، تعداد 1265 ہوگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 ستمبر 2022
جاں بحق ہونے والوں میں 22 مرد، 18 خواتین اور 17 بچے شامل ہیں (فوٹو فائل)

جاں بحق ہونے والوں میں 22 مرد، 18 خواتین اور 17 بچے شامل ہیں (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے57 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1265 ہو گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے تازہ اعداد شمار کے مطابق سندھ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 38 جب کہ خیبر پختونخوا میں 17 اور کشمیر و بلوچستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 22 مرد، 18 خواتین اور 17 بچے شامل ہیں۔

مزید پڑھیے: دریائے سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب، ہزاروں افراد پھنس گئے، سیکڑوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

سندھ میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 470  اور خیبر پختونخوا میں 385 ہو گئی ہے۔بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں 257 اور پنجاب میں 188 افراد جاں بحق ہوئے۔

سیلاب اور بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے ناگہانی واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہزار 577 ہو گئی، جس میں سب سے زیادہ تعداد 7 ہزار 204 سندھ سے ریکارڈ کی گئی جب کہ اب تک مجموعی طور پر 14 لاکھ 27 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید پڑھیے: کوٹری میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، پانچ افراد جاں بحق

سرکاری اعداد شمار کے مطابق 7 لاکھ 35 ہزار 584 مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں شدید متاثر علاقوں میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔