ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 ستمبر 2022
—فوٹو

—فوٹو

 کراچی: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث کلعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا.

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سی ٹی ڈی نے یونیورسٹی روڈ بن ہاشم سپر مارکیٹ بلاک 7 گلستان جوہر میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے کالعدم مذہبی تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد سید جاوید حسین زیدی عرف مناظر کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 30 بور پستول مع میگزین دیسی ساختہ بنا لائسنس برآمد ہوئی ہے جبکہ ملزم واردات کی غرض سے جا رہا تھا کہ سی ٹی ڈی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر مخالف تنظیم کے افراد کو قتل کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے گلبرگ کے علاقے میں اعجاز نامی شخص جس کا تعلق مخالف تنظیم سے تھا کو فائرنگ کر کے قتل کیا جس کا مقدمہ گلبرگ تھانے میں درج ہے جبکہ ملزم نے انچولی کے علاقے میں ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کی جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے تھے اور اس واقعہ کا مقدمہ بھی تھانہ گلبرگ تھانے میں درج ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔