شوکت ترین کو جھوٹ سے گریز کرنا چاہیے، مفتاح اسماعیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 ستمبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ  شوکت ترین کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں انہیں ملکی مفاد کے خلاف جھوٹ بولنا بند کرنا چاہئے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا ک  آئی ایم ایف بورڈ کے اجلاس سے ایک روز قبل شوکت ترین پاکستان کی امداد روکنے کیلئے ٹیلیفون کر رہے تھے اور اب قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا آئی ایم ایف سے سالانہ دو فیصد ٹیکس بڑھانے اور ٹیکس لیوی، پٹرولیم کی قیمت بڑھانے اور سبسڈی ختم کرنے کے معاہدے آپ نے نہیں کئے تھے،شوکت ترین اور ان کی جماعت ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتے تھے۔

مفتاح اسماعیل نے شوکت ترین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملکی مفاد کے خلاف جھوٹ بولنا بند کریں، ہمیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں ریکارڈ قرضے لئے، تجارتی خسارہ ریکارڈ پر تھا۔

انہوں نے کہا کہ خیرات کے نام پر پیسے سیاست میں استعمال کئے اور قوم کو جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا، ملک میں سیلاب کی صورتحال ہے یہ وقت سیاست کا نہیں۔،حقیقی تبدیلی لانا ہو تو تاریخ کے سب سے بڑے قرضے نہیں لئے جاتے، چار بڑے بجٹ خسارے عوام کیلئے نہیں چھوڑے جاتے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ  عمران خان اور ان کی جماعت ملکی مفاد کے خلاف کام کر رہی تھی،  اپنے دور میں ہر شعبہ کو خسارہ کے سوا کچھ نہیں دیا، اس وقت ملکی معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔