پُرجوش پاکستان نے بھارت سے بدلہ چکانے کی ٹھان لی

سلیم خالق  اتوار 4 ستمبر 2022
شاہین اوروسیم جونیئر کے بعد دھانی بھی انجرڈ پیسرز کی صف میں شامل، حسنین یا حسن علی کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

شاہین اوروسیم جونیئر کے بعد دھانی بھی انجرڈ پیسرز کی صف میں شامل، حسنین یا حسن علی کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

دبئی: ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں پْرجوش پاکستان نے بھارت سے بدلہ چکانے کی ٹھان لی۔

ٹی20 ایشیا کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ ’’اے‘‘ میں شامل کیا گیا تھا،دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے باہمی میچ میں بلوشرٹس نے سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹ سے فتح پائی،پھر ہانگ کانگ کو بھی 40 رنز سے زیر کیا، گرین شرٹس نے بھی اسی کوالیفائر ٹیم کو تختہ مشق بناتے ہوئے 155 رنز کے ریکارڈ مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

فائنل فور مرحلے میں آج پھر پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دبئی میں ہی ہو گا،ہانگ کانگ کو بھرپور قوت سے شکست دینے کے بعد پْرجوش گرین شرٹس روایتی حریف سے حساب چکتا کرنے کیلیے بے تاب ہیں،ابھی تک دونوں میچز میں کپتان بابر اعظم کا بیٹ نہیں چل سکا جس کی وجہ سے ابتدا میں پاکستان اور محمد رضوان کا اسٹرائیک ریٹ بھی متاثر ہوا۔

مزید پڑھیں: ہماری ٹیم بھارت کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے، شاہد آفریدی

فخرزمان بھارت کیخلاف بڑا اسکور نہ کرپائے مگر ہانگ کانگ کے بولرز پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے نصف سنچری سے اعتماد بحال کرلیا،خوشدل شاہ بھی پاور ہٹنگ کیلیے تیارہوچکے ہیں، پہلے میچ میں افتخار احمد اچھے آغاز کا زیادہ فائدہ نہ اٹھاسکے تھے۔

شاداب خان،آصف علی اور محمد نواز بھی بھارتی بولرز کا جم کر مقابلہ نہیں کرسکے،اب بیٹرز کو توقعات کا بوجھ اٹھانا ہوگا،پاکستان کی بولنگ دونوں میچز میں بھرپور فارم میں نظر آئی، ہانگ کانگ کیخلاف انجرڈ ہونے والے شاہنواز دھانی دستیاب نہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور ہانگ کانگ کا میچ، وسیم اکرم کی محمد رضوان پرتنقید

ممکنہ طور پر سائیڈ اسٹرین کے پیش نظر میڈیکل ٹیم آئندہ 48 سے 72 گھنٹے تک انجری کا معائنہ کرے گی جس کے بعد اسکین یا ان کی ٹورنامنٹ میں مزید شرکت سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا، محمد حسنین یا حسن علی میں سے کوئی دھانی کا خلا پْر کرے گا، نسیم شاہ بھرپور ردھم میں ہیں۔

بھارت کیخلاف پہلے میچ میں حارث رؤف متاثر کن پرفارم نہیں کر سکے تھے،ان کو لائن و لینتھ بہتر بنانا ہوگی،شاداب خان اور محمد نواز یواے ای کی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں،گذشتہ روز کھلاڑیوں نے نیٹ پریکٹس سے گریز کرتے ہوئے ہوٹل میں جم ٹریننگ کی۔

مزید پڑھیں: شاہنواز دھانی اتوار کو بھارت کے خلاف میچ سے باہر

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما اور لوکیش راہول کی کارکردگی میں تسلسل نہیں، پاکستانی پیسرز اس کمزوری کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں، لوکیش راہول کی جگہ ریشابھ پنت کو آزمانے کا فیصلہ ممکن ہے، ویراٹ کوہلی کی فارم میں واپسی گرین شرٹس کیلیے اچھی خبر نہیں،سوریا کمار یادو کسی بھی ٹیم کیلیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں،ہردیک پانڈیا بیٹ اور بال سے دونوں سے پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بھارت کو انجرڈ آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کا خلا پْرکرنا ہوگا،اکسر پٹیل مضبوط امیدوار ہیں، پیس بیٹری میں بھونیشور کمار اور ارشدیپ سنگھ کی خدمات میسر ہیں، آویش خان مہنگے ثابت ہورہے ہیں، یوزویندرا چاہل کی گھومتی گیندیں حریف پلیئرز کو پریشان کرسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ: بھارتی کپتان ایونٹ میں خوفزدہ اور کنفیوز نظر آرہے ہیں، حفیظ

گزشتہ مقابلے میں جیت کی بدولت بھارت کو نفسیاتی برتری حاصل ہوگی،کپتان روہت شرما طویل بیٹنگ لائن سے فتح گر کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں، دوسری جانب پاکستان اپنی خطرناک بولنگ کی مدد سے بلوشرٹس کی جارحیت کو لگام لگانے کی کوشش کرے گا۔

دبئی کی سپورٹنگ پچ پر ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بولنگ کو ترجیح دے گی،دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو حریف بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ سخت گرم موسم کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا،گذشتہ میچ میں پانی کی کمی کے سبب نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد رضوان سمیت پاکستانی کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل سامنے آئے تھے۔

ہانگ کانگ سے میچ میں شاہنواز دھانی انجرڈ ہوگئے،یواے ای اور دونوں ملکوں میں شائقین کا جوش و خروش عروج پر نظر آرہا ہے، میچ دیکھنے کیلیے بڑی اسکرینز کا بھی انتظام کرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔