زمبابوے نے آسٹریلوی غرور خاک میں ملا دیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
ریان برل کے کینگروز پر تابڑ توڑ حملے، مہمان ٹیم 3 وکٹ سے فتحیاب۔ فوٹو: ٹوئٹر

ریان برل کے کینگروز پر تابڑ توڑ حملے، مہمان ٹیم 3 وکٹ سے فتحیاب۔ فوٹو: ٹوئٹر

کراچی: زمبابوے نے آسٹریلیا کو پہلی بار گھر میں ون ڈے میچ ہرادیا، میزبان ٹیم کے کلین سوئپ کا خواب ادھورا رہ گیا۔

ریان برل کی شاندار پرفارمنس کی بدولت زمبابوے نے آسٹریلیا کو ان کے میدانوں میں پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دے دی، کینگروز نے پہلے کھیل کر 31 اوورز میں 141 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئے، ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 94 رنز بنائے۔

ریان برل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 10 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، ان سے قبل زمبابوین کے تینوں سیمرز نے میزبان بیٹنگ لائن کو خاصا نقصان پہنچایا،گلین میکسویل 19 رنز بناکر انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچانے والیدوسرے بیٹر بنے۔

آسٹریلیا نے چھٹی وکٹ کے لیے 9 اوورز میں 57 رنز کی قیمتی شراکت بنائی، کینگروز کی اختتامی 5 وکٹیں ٹوٹل میں 12 رنز کے اضافے سے گرگئیں، زمبابوے نے پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو مکمل طور پر آؤٹ کیا۔

زمبابوے نے ہدف تک رسائی میں 7 وکٹوں کا نقصان برداشت کیا، ریگس چاکابوا 37 رنز ناٹ آؤٹ بناکر نمایاں رہے، مارومینی نے 35 رنز اسکور کیے، جوش ہیزل ووڈ نے 30 رنز دیکر 3 وکٹیں اپنے نام کیں، سکندر رضا صرف 8 رنزبناسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔