وزیراعظم کے حکم پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ریلیف کا نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
300 اور کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی

300 اور کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی

وزیراعظم شہباز شریف کے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لئے اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے حکم پر 300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارج یعنی ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی، جس کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: 7ماہ میں بجلی صارفین سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 560ارب روپے وصول کیے گئے

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کی مد میں جو شہری بل ادا کرچکے ہیں، انکی آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ اگست کے مہینے کے بلوں میں مہنگے ایندھن کی قیمت شامل کی گئی تھی جس پر شہری سراپا احتجاج تھے۔

مزید پڑھیں: فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ریلیف پر نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا، صارفین پریشان

قبل ازیں وزیراعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے ملک کے لاکھوں صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصول نہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا تھا جس کے باعث شہریوں کو بل جمع کروانے پڑے۔

یاد رہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2022 کے پہلے 7ماہ میں بجلی صارفین سے 560 ارب روپے بٹورے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔