تائیوان کو اسلحہ کی فراہمی؛ امریکا اور چین آمنے سامنے

ویب ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
امریکا نے تائیوان کو اسلحہ فروخت کیا تو جوابی کارروائی کریں گے، چین (فوٹو: فائل)

امریکا نے تائیوان کو اسلحہ فروخت کیا تو جوابی کارروائی کریں گے، چین (فوٹو: فائل)

واشنگٹن / بیجنگ: امریکا کے تائیوان کے لیے ایک ارب اور 10 کروڑ ڈالر کے فوجی سازوسامان فروخت کرنے کی منظوری پر چین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے تائیوان کو 8 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کے مالیت کے فضا سے فضا اور سطح پر مار کرنے والے 100 سائیڈ ونڈر میزائل، 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے 60 ہارپون اینٹی شپ میزائل اور 66 کروڑ 54 لاکھ ڈالر مالیت کے سرویلنس ریڈار پروگرام کی منظوری دی ہے۔

دوسری جانب چین نے تائیوان کو فوجی امداد کی منظوری پر امریکا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دیدی۔

امریکا میں چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو پینگیو نے بیان میں مزید کہا کہ ہتھیاروں کی فروخت چین کے امریکا کے ساتھ تعلقات کو غیر مستحکم اور آبنائے تائیوان میں امن کی صورت حال کو شدید خطرات سے دوچار کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے فوجی پیکیج کا اعلان اُس وقت کیا کہ جب چین نے تائیوان کی سرحد پر جارحانہ فوجی مشقیں کیں اور جو امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔