افغانستان سے طورخم کے راستے پیاز اور ٹماٹر کی آمد، پشاور میں نرخ کم ہونے لگے

ویب ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 پشاور: وفاقی حکومت کی جانب سے افغانستان اور ایران سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمدات پر ڈیوٹی معاف کی گئی ہے جس کے بعد ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  افغانستان سے طورخم کے راستے پیاز اور ٹماٹر کی درآمدات کا سلسلہ جاری ہے جس کی کلیئرنس کے لیے دن رات عملہ تعینات ہے تاکہ ٹماٹر اور پیاز کے نرخوں میں کمی آسکے۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سےڈیوٹی فری درآمدات کےباعث ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، 308 ٹرکوں پر مشتمل 9 ہزارمٹرک ٹن پیاز بھی درآمد کی گئی جب کہ گزشتہ 4 دنوں میں 222 ٹرکوں پر مشتمل 6 ہزار مٹرک ٹن ٹماٹر درآمد کی گئی۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی افغانستان سے درآمدگی شروع ، نئی کھیپ پشاور سبزی منڈی پہنچ گئی جس کے بعد ٹماٹر اور پیاز کے نرخ میں کمی آئی ہے، پیاز کا نرخ 250 سے کم ہوکر 100 روپے فی کلو ہو گیا۔

واضح رہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث سبزی کی قیمتوں میں ہوشروبا اضافہ ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔