شام میں فوجی ہیلی کاپٹر مکان پر گر کر تباہ، ہلاکتیں

ویب ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
شامی فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر مامور تھا، فوٹو: فائل

شامی فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر مامور تھا، فوٹو: فائل

دمشق: شام میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران رہائشی علاقے میں ایک مکان پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ اور عملے کے 2 ارکان ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ زدہ شام کے شہر حما میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے ایک مکان پر گر گیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔

ریسکیو ٹیم نے امدادی کاموں کے دوران دو گھنٹے میں ہیلی کاپٹر پر لگی آگ پر قابو پالیا اور لاشیں قریبی اسپتال منتقل کردیں۔

شام کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں  بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر مامور تھا اور اس میں پائلٹ سمیت عملے کے 2 ارکان موجود تھے جو حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

وزارت دفاع کے مطابق ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے فوری بعد تکنیکی خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شام میں فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے تاہم شامی فوج نے دونوں واقعات میں دہشت گردی کے عنصر کے امکان کو مسترد کردیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔