پنجاب حکومت کو گرا کر ہی دم لیں گے، عطا اللہ تارڑ

ویب ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو گرا کر ہی دم لیں گے کیونکہ یہ صوبائی حکومت نہ صرف کرپٹ اور غیرقانونی ہے بلکہ اس نے سیلاب سے متاثرہ افراد و علاقوں کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔

پی ٹی وی لاہور سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فارن فنڈنگ حرام کی کمائی ہے، پی ڈی ایم کی جماعتیں ضمنی انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑ دیا ہے اور کرپشن کرنے میں لگی ہوئی ہے، مونس الہی ہر ٹھیکے اور منصوبے میں اپنا 7 فیصد کمیشن وصول کر رہا ہے، اس حکومت کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا گیا اور ایک دو اراکین ادھر ادھر ہو گئے تو یہ حکومت قائم نہیں رہ سکے گی۔

لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ تریسٹھ اے پر اپنی رائے اور پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین کیخلاف فیصلے پر نظرثانی کی اپیلیں جلد سماعت کے لئے مقرر کرے کیونکہ پی ٹی آئی اراکین کے ووٹ شمار بھی نہیں کئے گئے اور انہیں ڈی سیٹ کرنے کی سزا بھی سنا دی گئی، پنجاب حکومت کسی بھی وقت گرائی جا سکتی ہے جس کے لئے کام جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔