وزیراعلیٰ بلوچستان کی صوبے میں آٹے کی زائد نرخوں پر فروخت ہنگامی بنیادوں روکنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  اتوار 4 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے میں آٹے کی قلت اور زائد نرخوں پر فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں گندم اور آٹے کی قلت اور زائد نرخوں پر فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خوراک کو صورتحال کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ نے محکمہ خوراک کو ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے گندم اور آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کرنے کا حکم دیا اور محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ ماہ ستمبر کے کوٹے کی گندم فوری طور پر فلور ملزم کو جاری کی جائے۔

عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت کی کہ گندم اور آٹے پر عائد بین الصوبائی پابندی کے خاتمے کے لئے دیگر صوبوں سے بات کی جائے۔

اُدھر چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے سیکریٹری بلدیات دوستین خان جمالدینی کے ساتھ ضلع جعفر آباد اور صحبت پور کا دورہ کیا اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

چیف سیکرٹری سے جعفر آباد بائی پاس روڈ، حبیب اللہ گوٹھ پر بیٹھے متاثرین نے ملاقات         کی اور امدادی سامان، خیمے و راشن نہ ملنے کی شکایت کی جس پر سیکریٹری بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کو متاثرین کو فوری طور پر راشن کی فراہمی یعنی بنانے کی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری نے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ بہت جلد آپ کے مسائل حل کئے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔