ن لیگ اور پی پی کے پارٹی فنڈز کی فوری تحقیقات کیلیے درخواست سماعت کیلیے مقرر

ویب ڈیسک  پير 5 ستمبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: تحریک اںصاف کی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی فنڈز کی فوری تحقیقات کے لیے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں  الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا حکم موجود ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے محض تین سال کی فنڈز کی اسکروٹنی کی جارہی ہے، جب کہ شہری اکبر ایس بابر کی درخواست پر 2008ء  سے پی ٹی آئی کو ملنے والے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کی گئی۔

درخواست میں فرخ حببیب کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کے حوالے سے اپنا منصفانہ اور شفاف کردار کھودیا، عدالت الیکشن کمیشن کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی دو ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے۔

فرخ حبیب کی یہ درخواست اسلام ہائی کورٹ نے سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔ کل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ درخواست کی سماعت کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔