واشنگٹن میں مسافر بردار طیارہ سمندر برد،1 ہلاک 9 لاپتہ

ویب ڈیسک  پير 5 ستمبر 2022
امدادی کاموں کے دوران سمندر سے ایک شخص لاش ملی ہے اور 9 لاپتہ ہیں، فوٹو: فائل

امدادی کاموں کے دوران سمندر سے ایک شخص لاش ملی ہے اور 9 لاپتہ ہیں، فوٹو: فائل

  واشنگٹن / سیٹل: امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل میں ایک چھوٹا طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے سمندر برد ہوگیا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سیٹل میں ایک مسافر بردار طیارے کا پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا جس کے بعد مسافر بردار طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔

کوسٹ گارڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے ساحل پر موجود ایک شخص نے اطلاع دی کہ سمندر پر ایک طیارے کو اترتے ہوئے دیکھا ہے جنھیں مدد کی ضرورت ہے۔

کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کو امدادی کاموں کے دوران سمندر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے تاہم 9 افراد لاپتہ ہیں جن کے زندہ ملنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ ممکنہ طور پر طیارے میں سوار تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

طیارے میں 10 افراد موجود تھے جن میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔ موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو کا کام روک دیا گیا۔ تاحال طیارہ حادثہ کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔