حیدری مارکیٹ میں جوتوں کے گودام میں آتشزدگی؛ بھاری مالیت کا سامان خاکستر

ویب ڈیسک  پير 5 ستمبر 2022
فوٹو: اسکرین گریب

فوٹو: اسکرین گریب

 کراچی: حیدری مارکیٹ کے اوپر بنے فلیٹس میں جوتوں کے گودام میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم واقعے کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ ناظم آباد حیدری مارکیٹ کے اوپر بنی ہوئی عمارت کی تیسری منزل پر قائم جوتے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں جبکہ علاقہ پولیس بھی موقع پہنچ گئی اور غیر متعلقہ افراد کو وہاں سے ہٹا دیا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ حیدری مارکیٹ کے اوپر بنی ہوئی ایک عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر بنے ہوئے فلیٹوں میں لگی تھی جس میں چپل اور جوتوں کے گودام قائم تھے۔

حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں کے علاوہ 2 باؤزر اور ایک اسنارکل موقع پر موجود تھی جبکہ عملے نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے اسے مزید پھیلنے نہیں دیا۔

اطلاعات کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور مالی نقصان کا تعین نہیں ہو سکا جبکہ مالکان کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے انھیں بھاری مالیت کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔