ارجنٹینا میں نمونیا کی پُراسرار وباء کا معمہ حل

ویب ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
پُراسرار بیماری کی علامات 18 سے 22 اگست کے درمیان سامنے آنا شروع ہوئیں

پُراسرار بیماری کی علامات 18 سے 22 اگست کے درمیان سامنے آنا شروع ہوئیں

بیونوس آئرس: ارجنٹینا میں صحت کے حکام نے ملک میں نمونیا کی پُراسرار وباء کا معمہ حل کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ شمال مغربی ارجنٹینا میں سامنے آنے والے نمونیا کے کیسز، جس کی وجہ سے چار اموات ہوئیں، اس کا سبب لیجنیلا بیکٹیریا تھا۔

پین امیریکن ہیلتھ آرگنائزیشن (PAHO) کے مطابق اس وباء میں 11 کیس رپورٹ ہوئے، اس کا تعلق سان مِی یل ڈی ٹوکُومن شہر کے ہی ایک نجی ہیلتھ کلینک سے تھا۔

PAHO کا کہنا تھا کہ ارجنٹینا وزارتِ صحت نے ادارے کو بتایا کہ اس وباء کا سبب لیجنیلا تھا اور دیگر ادارے اس کے مرکز کے حوالے سے تحقیقات کر رہےہیں۔

صوبائی صحت کے حکام ماحولیاتی نمونے اکٹھے کرنے کے ساتھ ، خطرات کی پیمائش کےلیے معائنے اور حفاظتی اقدامات کا نفاذ کر رہے ہیں۔

مقامی رپورٹ کے مطابق اس بیماری کی علامات میں بخار، پٹھوں اور پیٹ کا درد اور سانس کا پھولنا شامل ہے۔ متعدد مریضوں کے دونوں پھیپڑوں میں نمونیا سامنے آیا تھا۔ جن چار مریضوں کی موت واقع ہوئی وہ دائمی امراض میں مبتلا تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ پُراسرار بیماری کی علامات 18 سے 22 اگست کے درمیان سامنے آنا شروع ہوئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔