بھارت کو ٹائٹل کی دوڑ سے آؤٹ ہونے کا خطرہ، آج سری لنکا پر لازمی فتح درکار

اسپورٹس ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
بولنگ اٹیک میں توازن لانے کی ضرورت، بلند حوصلہ آئی لینڈرز فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے پراعتماد۔ فوٹو : اے ایف پی

بولنگ اٹیک میں توازن لانے کی ضرورت، بلند حوصلہ آئی لینڈرز فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے پراعتماد۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی: ایشیا کپ ٹی20 میں پیر کو آرام کے بعد منگل کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ ہوگا جب کہ بھارتی ٹیم کو ٹرافی کی دوڑ سے آؤٹ ہونے کا خطرہ لاحق ہوگیا۔

لازمی فتح درکار ہوگی، سری لنکا نے سپر 4 مرحلے میں افغانستان کو زیر کیا ہے جبکہ بھارت کو پاکستان نے 5 وکٹ سے مات دیکر اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔ بھارت کو اہم میچ سے قبل بولنگ اٹیک کو مضبوط بنانے کی فکر لاحق ہے۔

پاکستان سے میچ میں بھونیشور کمار اپنے شایان شان پرفارمنس پیش نہیں کرپائے تھے، بھارت نے 5 بولرز کے ساتھ میدان کا رخ کیا تھا، بھارت سری لنکا کیخلاف میچ سے قبل اپنی بولنگ میں توازن لانا چاہتا ہے، بھارت منگل کو ایشیا کپ میں سری لنکا کے ساتھ سپر 4 میچ جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے تو بہت زیادہ تجربات سے گریز کریں گے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی

جڈیجا، ہرشل پٹیل اور جسپریت بمرا کی عدم موجودگی میں بھارت کے پاس بولنگ میں زیادہ آپشنز نہیں ہیں، پاکستان سے میچ میں ہردیک پانڈیا مہنگے ثابت ہوئے جبکہ یوزویندرا چاہل بھی کوئی خاص ثاثر قائم نہیں کرپائے، 5 بولرز کے ساتھ کھیلنے کی تھیوری میں ہردیک کے 4 اوورز اہم رہے، رویندرا جڈیجا کے متبادل اکشر پٹیل کو بھی سری لنکا کیخلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے، اویش خان کو تیسرے اسپیشلسٹ پیسر کے طور پر واپس لایا جاسکتا ہے۔

بھارتی ٹیم میں ریشابھ پنت اور دنیش کارتھک کی شمولیت پر بحث جاری ہے، بھارتی ٹیم انتظامیہ نے دیپک ہوڈا کی جگہ تامل ناڈو کے وکٹ کیپر بیٹر کو موقع فراہم کیا تھا، پاکستان سے شکست میں بھارت کے لیے مثبت پہلو روہت، لوکیش راہول اور ویراٹ کوہلی کی بیٹنگ رہی۔

مزید پڑھیں: وسیم اکرم نے پاکستان ٹیم کو بولڈ تجربات کا مشورہ دے دیا

دوسری جانب سری لنکا کے نمبر3 بیٹر چیراتھ ایسالینکا کے ساتھ کپتان ڈوسان شناکا اور کوشل مینڈس نے بنگلہ دیش کیخلاف عمدہ بیٹنگ کی، افغانستان کیخلاف بھی سری لنکن بیٹرز نے مشکل وقت میں ہدف کا کامیاب تعاقب کیا، افغان ٹیم کیخلاف دنوشکا گوناتلکے اور بھانوکا راجاپکسے نمایاں رہے تھے، سری لنکا کے نئے کوچ کرس سلور ووڈ کا گمان ہے کہ ان کی ٹیم ہر طرح کی صورتحال میں جیت سمیٹ سکتی ہے، ایک اور ناکامی بھارت کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کرسکتی ہے۔

بھارت اسکواڈ میں کپتان روہت کے ساتھ لوکیش راہول، ویراٹ کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، دیپک ہوڈا، ہردیک پانڈیا، بھونیشور کمار، روی بشنو، یزویندر چاہل، ارشدیپ سنگھ، دنیش کارتھک، اویش خان، اکشر پٹیل اور روی چندرن ایشون شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔