راولپنڈی اسلام آباد میں ڈینگی کے وار جاری، 135 نئے مریض رپورٹ

ویب ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا  (فوٹو فائل)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: جڑواں شہروں میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق ایک شہری جاں بحق اور 135 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا جب کہ 97 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ دیہی علاقوں میں 34 جب کہ شہری علاقوں میں 63 کیسز رپورٹ ہوئے  ہیں۔ ڈی ایچ او زعیم ضیا کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی طور پر ڈینگی کے 320 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس میں سوہان کے علاقے میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کاروائیاں جاری  ہیں۔ اس دوران حکام نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 9 مقامات سیل کرکے  25 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ علاوہ ازیں نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر 34 دکانوں کے مالکان کو بھی جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے 38 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ہاٹ سپاٹ ایریاز میں میڈیکل لیب پوری طرح فعال ہیں۔ شہر بھر میں فوگنگ اور سرویلنس کے عمل کو مزید تیز کیا گیا ہے۔ شہری انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔

حکام کے مطابق بینظیر بھٹو جنرل اسپتال میں 44 مریض داخل ہیں، جن میں سے 30 میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ہولی فیملی میں 60 مریضوں میں سے 24میں ڈینگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 44 مریض ہیں، جن میں سے 25 میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

رواں برس اب تک ڈینگی کا شکار ہونے والوں کی تعداد 677 ہوچکی ہے محکمہ صحت کے مطابق دھاماں سیداں،گرجا اور چک جلال دین میں ڈینگی کا زور ہے اوران ہائی رسک یونین کونسلوں میں فوکس انسداد ڈینگی مہم منظم انداز میں  جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔